لاہور(نمائندہ خصوصی سے ، کرائم رپورٹر،اپنے نیوز رپورٹر سے )سانحہ ماڈل ٹائون کی تحقیقات کیلئے قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم ( جے آئی ٹی ) آج کوٹ لکھپت جیل میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کا بیان قلمبند کریگی۔ذرائع کے مطابق آئی جی موٹر وے اے ڈی خواجہ کی سربراہی میں قائم جے آئی ٹی کے ارکان آج گیارہ بجے کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف سے سانحہ ماڈل ٹائون سے متعلق سوالات پوچھیں گے ۔محکمہ داخلہ کی جانب سے محکمہ جیل خانہ جات کواس سلسلہ میں باضابطہ مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے ۔ جیل حکام کو جے آئی ٹی کی ہر طرح سے معاونت کرنے کے احکامات بھی دیئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں گزشتہ روز احتساب عدالت لاہور کے جج سید نجم الحسن نے جے آئی ٹی کو ن لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق سے سانحہ ماڈل ٹاون پر تفتیش کی اجازت دیدی۔ تفتیش کی اجازت کیلئے تفتیشی افسر اقبال حسین شاہ نے احتساب عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔