کوئٹہ ، پشاور، کراچی، اوکاڑہ، پارا چنار (سٹاف رپورٹرز، نمائندگان)مچھ میں قتل کانکنوں کے لواحقین اور مجلس وحدت مسلمین کامیتوں کے ہمراہ شدید سردی میں تیسرے روز بھی دھرنا جاری رہا،سانحہ مچھ کے لواحقین اور شہدا کمیٹی سے صوبائی حکومت کا تیسرا مذاکراتی دور بھی ناکام ،دھرنا منتظمین نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم خود آئیں اور لوگوں کوسنیں، یقین دہانی کی بجائے عملی اقدامات اٹھائیں ،صوبائی حکومت میں شامل جماعتیں اگر ناکام ہیں تو مستعفی ہوجائیں یہ ان کے قدراور وقار میں اضافہ کرے گا،وزیراعظم کے آنے اور یقین دہانی تک میتوں کے ہمراہ دھرنا جاری رہے گا۔ منگل کے روز مچھ کے گشتری میں قتل ہونے والے کانکنوں کے لواحقین اور مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے شدید سردی میں میتوں کے ہمراہ مغربی بائی پاس پر تیسرے روز بھی دھرنا جاری رہا ،دھرنے میں خواتین ،بچوں، بوڑھوں اور دیگر کی بڑی تعداد شامل ہے ۔ دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے دھرنا منتظمین نے کہاکہ ہمیں امن اور انصاف چاہیے ،ڈھائی ہزار سے زائد لوگ قتل کانشانہ بن چکے ہیں لیکن کوئی گرفتاری نہیں ہوسکی، اس موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں اور طلبا تنظیموں نے دھرنے کے شرکا سے اظہار یکجہتی کی ،گزشتہ روز صوبائی حکومت کی جانب سے صوبائی وزراء میر ضیاء اللہ لانگو ،میرظہوراحمد بلیدی ،میرسلیم کھوسہ ،حاجی نورمحمددمڑ اور پارلیمانی سیکرٹری مبین خان خلجی ،کمشنر کوئٹہ ڈویژن اسفندیار خان کاکڑ پر مشتمل حکومتی مذاکراتی ٹیم نے دھرنامنتظمین سے مذاکرات کئے اس موقع پر دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر میرظہوراحمد بلیدی نے کہاکہ ہم یہاں آئے ہیں اور آپ سے اپیل کرتے ہیں کہ آپ اسلامی اقدار کا پاس رکھتے ہوئے میتوں کی تدفین کریں ،دھرنا منتظمین نے میتوں کی تدفین سے انکار کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم کے آنے اور یقین دہانی تک ہمارا دھرنا جاری رہے گا ، دوسری طرف مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے صدرعبدالرحیم کاکڑ نے سانحہ مچھ کے خلاف جمعرات 7جنوری کو کوئٹہ میں شٹرڈاؤن ہڑتال کااعلان کرتے ہوئے کہا کہ جگہ جگہ چیک پوسٹوں پرچیکنگ کے باوجود اتنابڑاسانحہ سمجھ سے بالاتر ہے ۔ دریں اثنا وفاقی وزیر علی زیدی، زلفی بخاری وفاقی حکومت کی جانب سے لواحقین سے تعزیت کیلئے کوئٹہ پہنچ گئے ، وزیراعظم کے خصوصی پیغام کے ساتھ دھرنے کے شرکا سے مذاکرات کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا آج کوئٹہ کا دورہ متوقع ہے ۔ حکومت بلوچستان کے ترجمان لیاقت شاہوانی کے مطابق وزیر اعظم عمران خان آج خود کوئٹہ پہنچیں گے ۔ وزیراعلی بلوچستان جام کمال نے کہا کہ میرا دورہ دبئی ذاتی ہے ، 31دسمبر کو نہیں یکم جنوری کو دبئی آیا، اپنے ایک ٹویٹ میں جام کمال نے کہا کہ مچھ واقعہ 3جنوری کوپیش آیا،میری کورونا رپورٹ آگئی ہے ۔ فوری طورپر واپس آرہاہوں، امارات سے واپسی کیلئے کورونا ٹیسٹ کا ہونا ضروری تھا۔ بلوچستان میں شیعہ ہزارہ کمیونٹی کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف مجلس وحدت مسلمین نے کراچی کے مختلف علاقوں میں احتجاج کیا اور دھرنے دیے شمعیں بھی روشن کی گئیں ، مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا نے پشاور میں پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اوکاڑہ میں بھی احتجاج کیا گیا۔ پاراچنار میں مچھ میں بے گناہ مزدوروں کے قتل اور کوئٹہ میں جاری دھرنے کے شرکا کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے دھرنا شروع کردیا گیا ۔