کراچی (کامرس رپورٹر ) پاکستان سٹاک ایکسچینج نے 72 سالہ تاریخ میں اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے برادر ملک چائنا کے ساتھ مشترکہ ٹریڈنگ کا معاہدہ کرلیا ہے ، چین کا شینزین ایکسچینج تیسرا سب سے بڑا ایکسچینج ہے جس کی پلیٹ فارم کی کل مالیت 28 لاکھ 50 ہزار ڈالر ہے ،پلیٹ فارم سے ایک سیکنڈ میں دو ہزار آڈرز بک کئے جاسکتے ہیں ۔چیئرمین پاکستان اسٹاک ایکس چینج سلیمان مہدی نے اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 72 سال کے بعد پاکستان اسٹاک ایکس چینج کے بورڈ نے بڑا فیصلہ کیاہے ، یہ ٹریڈنگ پلیٹ فارم اپنے ہی پارٹنر شینزین اسٹاک مارکیٹ سے لیا جارہا ہے دیگر ممالک کی نسبت انکی شرائط بہتر اور آسان تھیں، یہاں طویل عرصے کی ٹریڈنگ کے لئے ہر پانچ سال بعد لائسنس کی تجدید ضروری نہیں ہوگی۔ سلیمان مہدی نے بتایا معاہدہ کا مجموعی حجم 28 لاکھ 50 ہزار ڈالرز پر مشتمل ہے جسکی ادائیگی آسان شرائط پر پانچ سال میں آسان بنیادوں پر جائے گی۔انہوں نے کیا کہ شینزین دنیا کی تیسری بڑی اسٹاک مارکیٹ ہے جہاں ایک دن میں 40 لاکھ سودے ہوتے ہیں اور ایک سیکنڈ میں 2ہزار سودے بک کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 26نومبر کو بورڈ نے ٹریڈنگ اینڈ سیولنگ سسٹم کا فیصلہ کیا تھا کیونکہ اسٹاک مارکیٹ میں پہلے لوکل سسٹم پر ٹریڈنگ ہوتی تھی۔