کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ایک روزہ بدترین مندی کے بعد منگل کو ریکوری آئی اور منافع بخش کمپنیوں کے سستے ہونے والے شیئرز کی خریداری کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس638.80پوائنٹس کے اضافے سے 37695.75پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا جب کہ62.84فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 76ارب18کروڑ43لاکھ روپے بڑھ گئی تاہم کاروباری حجم پیر کی نسبت10.87فیصد کم رہا ۔گزشتہ روز بھی سرمایہ کارشیئرز کی خریدوفروخت کے حوالے سے تذبذب کا شکار نظر آئے اور پیر کو بدترین مندی کے اثرات منگل کو بھی ٹریڈنگ کے ابتدائی اوقات میں چھائے رہے جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100انڈیکس37ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے 36829پوائنٹس کی نچلی سطح پر پہنچ گیا تاہم بعد ازاں مندی کے باعث سستے ہونیو الے شیئرز کی خریداری کا رجحان بڑھنے سے منفی اثرات زائل ہوگئے اور مارکیٹ مثبت زون میں داخل ہوگیا اور ٹریڈنگ کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس638.80پوائنٹس کے اضافے سے 37695.75پوائنٹس پر بند ہو ا۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس بھی265.87پوائنٹس کے اضافے سے 16952.55 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 309.07پوائنٹس کے اضافے سے 26184.13پوائنٹس پربندہوا۔ گزشتہ روزمجموعی طور پر358کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 225کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ114 میں کمی جبکہ19 میں استحکام رہا۔