کراچی ( کامرس رپورٹر ) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مسلسل دوسرے روز منگل کو بھی تیزی کا رجحان برقرار رہا جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس 596.45پوائنٹس کے اضافے سے 41665.27 پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا اور71.50فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 94ارب83کروڑ94لاکھ روپے بڑھ گئی۔ مجموعی طور پر 393کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 281کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،84میں کمی اور 28کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔دریں اثنا گزشتہ روز انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت خرید45پیسے کے اضافے سے 159.80روپے اورقیمت فروخت159.90روپے ہوگئی جب کہ مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید30پیسے کے اضافے سے 159.70روپے اور قیمت فروخت40پیسے کے اضافے سے 160.20روپے ہوگئی۔علاوہ ازیں گزشتہ روز صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی قیمت میں اضافے کا رجحان رہااور ایک تولہ سونے کی قیمت350روپے کے اضافے سے 1لاکھ 9ہزار200روپے ہو گئی اسی طرح300روپے کے اضافے سے دس گرام سونے کی قیمت 93ہزار 621روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔