کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکس چینج میں ایک روزہ شدید مندی کے بعد منگل کو ریکوری آئی اور سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور خریداری کے باعث تیزی کا رجحان غالب رہا، سرمایہ کاری مالیت 84ارب 76کروڑ6لاکھ روپے بڑھ گئی۔ ملک میں امن وامان کے حوالے سے جاری کشیدگی میں کمی آنے کے باعث سرمایہ کاروں نے منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی بھرپور خریداری کی جس کے نتیجے میں تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا اور کے ایس ای100انڈیکس دوران ٹریڈنگ 45ہزار کی نفسیاتی حد بحال کرتے ہوئے 45557.17پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا ۔تیزی کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت78کھرب51ارب63کروڑ36لاکھ روپے سے بڑھ کر79کھرب36ارب39کروڑ42لاکھ روپے ہوگئی ۔گزشتہ روز مجموعی طور پر401کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا جن میں 280کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 102میں کمی اور19میں استحکام رہا۔ انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر5پیسے مہنگا ہو گیا جس سے ڈالر کی قیمت خرید 152.90روپے اور قیمت فروخت153روپے ہو گئی۔علاوہ ازیں مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 700روپے کی کمی سے ایک لاکھ 3ہزار600روپے اور دس گرام سونے کی قیمت 600روپے کی کمی سے 88ہزار820روپے ہوگئی ۔