کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکس چینج میں منگل کو مندی غالب آگئی۔کے ایس ای100انڈیکس 418پوائنٹس کمی سے 43255 پوائنٹس پر آ گیا۔گزشتہ روز ٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں ہوا جس کے باعث ابتدائی اوقات میں تیزی رہی اورانڈیکس 43912پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا تاہم 44ہزار کی نفسیاتی حد کے قریب پہنچنے کے بعد پاکستان میں کورونا کی نئے قسم کی تشخیص کی اطلاعات کے بعد سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص فروخت کا دباؤ بڑھ گیا جس کے نتیجے میں تیزی کے اثرات زائل ہوگئے اور مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں آگئی ۔گزشتہ روز 14ارب 76کروڑ44لاکھ روپے مالیت کے 29کروڑ64لاکھ 77ہزار شیئرز کا کاروبار ہوا۔ادھرانٹر بینک اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر مزید 15پیسے کم ہوگئی جس سے انٹر بینک میں ڈالر160.28 اور اوپن مارکیٹ میں160.50روپے کا ہوگیا۔فاریکس ایسوسی ایشن کے مطابق گزشتہ روز انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید13پیسے کی کمی سے 160.37 سے گھٹ کر160.23 اور قیمت فروخت15پیسے کمی سے 160.43 سے گھٹ کر160.28روپے ہوگئی۔مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونا مزید 100روپے اضافے سے ایک لاکھ13ہزار550روپے فی تولہ ہوگیا۔