کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک ایکس چینج میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بدھ کو سرمایہ کاروں کی جانب سے محتاط طرز عمل کے باعث ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا جس کے باعث کے ایس ای100انڈیکس19.45پوائنٹس کے اضافے سے 31242.19پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیااور59.03 فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈکیا گیالیکن مہنگے شیئرز کی قیمتیں کم ہونے کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں3ارب 63لاکھ روپے میں کمی ہوئی تاہم کاروباری حجم منگل کی نسبت 42.31فیصدزائد رہا ۔اتار چڑھاودن بھر جاری رہا تاہم کے ایس ای30انڈیکس بھی55.18پوائنٹس کی کمی سے 13761.43پوائنٹس اورکے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 10.59پوائنٹس کی کمی سے 22188.27پوائنٹس پر بند ہوا ۔گزشتہ روز مجموعی طور پر354کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 209کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ131کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی اور14کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں مستحکم رہیں ۔آل کراچی صراف اینڈ جیولر ز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ میں فی اونس قیمت3ڈالر کے اضافے سے 1724ڈالر ہوگئی جس کے باعث مقامی طور پر فی تولہ سونے کی قیمت 200روپے کے اضافے سے ایک لاکھ 600روپے اور10گرام سونے کی قیمت172روپے کے اضافے سے 86248روپے ہوگئی جب کہ چاندی کی فی تولہ قیمت970روپے برقرار رہی۔علاوہ ازیں انٹر بینک میں بدھ کو پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں مزید 32پیسے کا اضافہ ہوا جب اوپن مارکیٹ میں ڈالر مستحکم رہا۔ انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت خرید32پیسے کے اضافے سے 166.62روپے سے بڑھ کر166.95روپے اور قیمت فروخت23پیسے کے اضافے سے 166.92روپے سے بڑھ کر167.15روپے ہوگئی۔