کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں سرمایہ کاروں کے محتاط طرز عمل کے باعث منگل کواتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہنے کے بعد مندی غالب آگئی جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس 101.58پوائنٹس کی کمی سے 40175.35 پوائنٹس کی سطح پرآ گیاجب کہ57.48فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس کے سبب سرمایہ کاروں کو 52ارب80کروڑ28لاکھ وپے کا نقصان اٹھانا پڑا اورکاروباری حجم بھی مایوس کن رہا۔پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں مسلسل دوسرے روز بھی سرمایہ کاروں تذبذب کا شکار نظر آئے اورانہوں نے محتاط طرز عمل اپنا یا گیا جس کے باعث ٹریڈنگ کے ابتدائی اوقات میں منافع بخش کمپنیوں کے حصص کی خریداری کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس 40600پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا تاہم بعد ازاں سرمایہ کاروں کی جانب سے فروخت کا دباؤ بڑھ گیا جس سے مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں آگئی اور دوران ٹریڈنگ انڈیکس 40064پوائنٹس کی نچلی سطح پرآ گیا بعد میں ریکوری آئی لیکن مندی کے اثرات مکمل طور پر زائل نہ ہوسکے اور مارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای 100 انڈیکس101.58پوائنٹس کی کمی سے 40175.35 پوائنٹس پر بند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 9.03پوائنٹس کی کمی سے 18595.01 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 195.58 پوائنٹس کی کمی سے 27807.11 پوائنٹس پر بند ہوا۔ گزشتہ روز مجموعی طور پر 334 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 119 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 192میں کمی اور23میں استحکام رہا ۔