کراچی (کامرس رپورٹر) حکومت تبدیلی کے ساتھ ہی پاکستان سٹاک مارکیٹ نے بھی کروٹ لے لی۔ پیرکوزبردست تیزی سے کے ایس ہی 100انڈیکس 1700.38پوائنٹس کی چھلانگ لگاگیا۔ کاروباری حجم گزشتہ کاروباری بھی کاروباری ہفتہ کے آخری روز(جمعہ) سے 144فیصد زائد رہا۔گزشتہ روزسیمنٹ، ٹیلی کام، پٹرولیم، انرجی، فوڈز، کمیونیکیشن، پاور اور دیگر سرگرم سیکٹرز کے حصص میں نئی سرمایہ کاری نے مارکیٹ کو مسلسل مثبت زون میں رکھا ۔ کاروبار اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 1700.38 پوائنٹس بڑھ کر 46144.96پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔کے ایس ای 30انڈیکس 689.74 پوائنٹس اضافے سے 17703.87، کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 963.76 پوائنٹس اضافے سے 31333.04 پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 3156.20 پوائنٹس اضافے سے 74874.01 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 2 کھرب 36 ارب 15 کروڑ 17 لاکھ 39 ہزار 62 روپے اضافے سے 77 کھرب 10 ارب 19کروڑ87 لاکھ 89 ہزار 899 روپے پر ہوگیا۔اس دوران مجموعی طور پر 386 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا،جن میں سے 330 کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،45 میں کمی جبکہ 11 میں استحکام رہا۔مجموعی طور پر55 کروڑ76 لاکھ72ہزار451حصص کا کاروبار ہوا۔ دوسری جانب فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق پ انٹر بینک میں 1.50 روپے کمی سے ڈالرکی قیمت خرید 184.40 سے کم ہو کر 183 اور قیمت فروخت 184.70 سے کم ہو کر 183.20 روپے ہو گئی۔اوپن کرنسی مارکیٹ میں2.30روپے کمی سے ڈالر کی قیمت خرید 185.50سے کم ہو کر183.20 اور قیمت فروخت186.50سے کم ہو کر184.20روپے ہو گئی۔ عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں 5ڈالر اضافے کے باوجود مقامی سطح پر سونے کی قیمت900روپے کمی سے 1 لاکھ 31 ہزار 400 اور دس گرام سونے کی قیمت 772 روپے کمی سے 1 لاکھ 12 ہزار 654 روپے ہوگئی۔