کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کاتسلسل جاری ،کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ کو بھی اتارچڑھائو کے بعد محدودپیمانے پرتیزی رہی اور کے ایس ای100انڈیکس کی35600اور35700 کی نفسیاتی حدیں بحال ہوگئیں،تیزی کے نتیجے میں سرمایہ کاری مالیت میں مزید4ارب33کروڑ روپے سے زائدکااضافہ ،کاروباری حجم گذشتہ روز کی نسبت37.62فیصدکم جبکہ48.24فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔فروخت کے دبائو اورپرافٹ ٹیکنگ کے سبب کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہواٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای100انڈیکس 35434پوائنٹس کی نچلی سطح پر بھی ریکارڈ کیاگیا تاہم بعدازاں حکومتی مالیاتی اداروں اور مقامی بروکریج ہائوسزسمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب سے بینکنگ،سیمنٹ،توانائی،فوڈز،کیمیکلزاور دیگرمنافع بخش سیکٹرکی نچلی سطح پر آئی ہوئی قیمتوں پر خریداری کی، جس کے نتیجے میں مندی کے اثرات زائل ہوگئے اور دوران ٹریڈنگ کے ایس ای100انڈیکس 35767پوائنٹس کی سطح پر بھی دیکھا گیاتاہم اتارچڑھائوکے باعث کے ایس ای 100انڈیکس مذکورہ سطح پر برقرار نہ رہ سکا،مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس122.47پوائنٹس اضافے سے 35703.81 پوائنٹس پر بندہوا۔جمعہ کومجموعی طور پر313کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے 150کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ،151 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ12کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔