کراچی (کامرس رپورٹر )پاکستان سٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو بھی تیزی کا رجحان رہا اور کے ایس ای100انڈیکس 300پوائنٹس کے اضافے سے 32800پوائنٹس کی نئی سطح پر بند ہوا ۔تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 86ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 62کھرب روپے کے قریب جا پہنچا ،مارکیٹ میں48فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں ۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں جمعرا ت کو کے ایس ای100انڈیکس میں386.60پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 32464.23پوائنٹس سے بڑھ کر 32850.83پوائنٹس ہو گیا، اسی طرح 198.43پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای30انڈیکس 14424.47پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 22886.89پوائنٹس سے بڑھ کر 23211.98پوائنٹس پر جا پہنچا ۔ دریں اثنا انٹر بینک اور مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں کمی کا رجحان رہا ۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں60پیسے کی کمی واقع ہوئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید 160.30روپے سے کم ہو کر159.90روپے اور قیمت فروخت160.60روپے سے کم ہو کر160روپے پر آ گئی۔ علاوہ ازیں عالمی صرافہ مارکیٹ میں فی اونس سونا28ڈالر کے اضافے سے 1728ڈالر کو ہو گیا جس کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی قیمت میں1ہزار سے زائد روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔