کر اچی (کامرس رپورٹر ) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مسلسل تیسرے روز بدھ کو بھی تیزی کا رجحان برقرار رہاجس کے نتیجے میں کے ایس ای 100انڈیکس مزید 170.75پوائنٹس کے اضافے سے 46458.13پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا جب کہ 53.20فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 20ارب69کروڑ70لاکھ روپے بڑھ گئی۔ سٹاک ایکس چینج میں گزشتہ روزٹریڈنگ کے آغاز سے ہی زبردست جوش وخروش دیکھنے میں آیا جس کے باعث تیزی رہی اورکے ایس ای 100انڈیکس46698پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا بعد ازاں46500اور45600 کی نفسیاتی حد یں برقرار نہ رہ سکیں لیکن تیزی کا رجحان غالب رہااورکاروبار کے اختتام پرکے ایس ای30انڈیکس111.27پوائنٹس کے اضافے سے 19370.27پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 47.42پوائنٹس کے اضافے سے 32072.89پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا ۔دریں اثنائگزشتہ روز انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قیمت خریدمزید20پیسے کی کمی سے 160.40روپے اور قیمت فروخت 25پیسے کی کمی سے 160.45روپے ہو گئی۔علاوہ ازیں مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت200روپے کی کمی سے 1لاکھ 13ہزارروپے اوردس گرام سونے کی قیمت170روپے کی کمی سے 96ہزار880روپے ہوگئی۔