کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے پیرکو غیرمعمولی تیزی ریکارڈ کی گئی اور کے ایس ای100انڈیکس کی 9بالائی حدیں بحال ہوگئیں اور کے ایس ای 100انڈیکس 36800کی سطح پر آگیا،تیزی کے نتیجے میں سرمایہ کاری مالیت میں 1کھرب99کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ،کاروباری حجم گذشتہ روزکی نسبت 34.08 فیصد زائد جبکہ80.53فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ملکی معاشی اشاریوں میں بہتری اورپاکستان اسٹاک ایکسچینج میں لسٹڈکمپنیوں کے اچھے مالیاتی نتائج کے باعث حکومتی مالیاتی اداروں، مقامی بروکریج ہاؤس سمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب سے بینکنگ،ٹیلی کام ،سیمنٹ ،توانائی،کیمیکل، فرٹیلائزراور فوڈزسمیت دیگرمنافع بخش سیکٹرکی پرکشش قیمتوں پرخریداری کی گئی، جس کے نتیجے میں کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا، ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 36817پوائنٹس کی بلندسطح پر بھی ریکارڈ کیاگیاتاہم سیاسی افق پر بے یقینی کی کیفیت کے باعث مقامی سرمایہ کارگروپوں نے نئی سرمایہ کاری سے گریز کیا،جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس مذکورہ سطح پر برقرار نہ رہ سکاتاہم اتارچڑھاؤ کاسلسلہ سارادن جاری رہا۔مارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای 100 انڈیکس824.94پوائنٹس اضافے سے 36803.10 پوائنٹس پر بندہوا۔پیرکومجموعی طور پر 380 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے 304کمپنیوں کے حصص کے بھاومیں اضافہ،59کمپنیوں کے حصص کے بھاو میں کمی جبکہ17کمپنیوں کے حصص کے بھاو میں استحکام رہا۔سرمایہ کاری مالیت میں1کھرب 99کروڑ 8لاکھ 22ہزار518روپے کااضافہ ریکارڈ کیا گیا،جس کے نتیجے میں سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر 70کھرب 62ارب28 کروڑ 33ہزار 958روپے ہوگئی۔ پیرکومجموعی طور پر 28کروڑ 29لاکھ 44ہزار 821شیئرز کا کاروبار ہوا، جوجمعہ کی نسبت 7کروڑ 17لاکھ 71ہزار351 شیئرزکم ہیں۔ قیمتوں کے اتار چڑھاو کے حساب سے کولگیٹ پامولیو کے حصص سرفہرست رہے ،جس کے حصص کی قیمت 91.40روپے اضافے سے 1980.00 روپے اور باٹاپاک کے حصص کی قیمت56.69روپے اضافے سے 1785.38 روپے پر بند ہوئی۔نمایاں کمی فلپس موریس پاک کے حصص میں ریکارڈکی گئی۔