کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعرات کو بھی شدید مندی کے بادل چھائے رہے جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس30ہزار کی نفسیاتی حد سے بھی گرتے ہوئے 539.47پوائنٹس کمی سے 29737.98پوائنٹس کی سطح پر آگیا جوگزشتہ 4سال کی کم ترین سطح ہے جبکہ70.41فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس سے سرمایہ کاروں کو73 ارب 54 کروڑ روپے سے زائدکا نقصان اٹھانا پڑاالبتہ کاروباری حجم بدھ کی نسبت67.08فیصدزائد رہا۔ مارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس539.47پوائنٹس کمی سے 29737.98پوائنٹس پر بندہوا۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس294.59پوائنٹس کمی سے 13993.91 پوائنٹس،کے ایم آئی30انڈیکس966.37پوائنٹس کمی سے 47039.01پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس302.81پوائنٹس کمی سے 21871.78پوائنٹس پربندہوا ۔ گزشتہ روزمجموعی طورپر338کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے 76کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ،238کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ24کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔ دریں اثناملکی کرنسی مارکیٹوں میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی کا تسلسل جمعرات کو بھی برقرار رہا۔انٹربینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالرکی قیمت میں24پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید158.20روپے سے گھٹ 157.96روپے اورقیمت فروخت158.30روپے سے گھٹ کر158.06روپے ہوگئی۔اوپن کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قیمت میں 10پیسے کی کمی ہوئی جس سے امریکی ڈالر کی قیمت خرید157.50روپے سے گھٹ کر157.40روپے اور قیمت فروخت159.50روپے سے گھٹ کر 158.40 روپے ہوگئی۔ ادھر فی تولہ سونے کی قیمت میں مزید 550 روپے مہنگا ہوکر86800روپے ملکی تاریخ کی نئی بلندترین سطح پر پہنچ گئی۔ صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں550روپے اور10گرام سونے کی قیمت میں 472 روپے کااضافہ ریکارڈ کیاگیا،جس کے نتیجے میں فی تولہ سونے کی قیمت86250روپے سے بڑھ کر 86800 روپے اوردس گرام سونے کی قیمت73945روپے سے بڑھ کر 74417روپے ملکی تاریخ کی نئی بلندترین سطح پر پہنچ گئی۔