کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کو شدید مندی کے بادل چھائے رہے جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس714.14پوائنٹس کمی سے 32958.35 پوائنٹس کی سطح پر آگیاجبکہ86.60فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس سے سرمایہ کاروں کو 1کھرب 15 ارب 6کروڑ روپے سے زائدکا نقصان اٹھانا پڑا تاہم کاروباری حجم گذشتہ ٹریڈنگ سیشن کی نسبت 24.64فیصدزائد رہا۔ گزشتہ روزملکی کرنسی مارکیٹوں میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی بے قدری،وفاقی بجٹ 2019-20میں ٹریڈرز کے تحفظات ،فروخت کے دباؤ اور پرافٹ ٹیکنگ کے باعث مقامی سرمایہ کار تذبذب کا شکار نظرآئے اور سرمایہ کاری سے گریزکیا، جس کے نتیجے میں کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہوا،اور ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای100انڈیکس 32895پوائنٹس کی نچلی سطح پر بھی دیکھا تاہم ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے مارکیٹ میں نچلی سطح پر آئی ہوئی قیمتوں پر خریداری کے باعث مارکیٹ میں ریکوری آئی جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس کی 32900کی حد بحال ہوگئی لیکن مندی کے اثرات زائل نہ ہوسکے اورمارکیٹ کے اختتام کے ایس ای 100 انڈیکس714.14پوائنٹس کمی سے 32958.35پوائنٹس پر بندہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 360.85پوائنٹس کمی سے 15574.00 پوائنٹس،کے ایم آئی30 انڈیکس 1402.05پوائنٹس کمی سے 51883.84پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس420.38پوائنٹس کمی سے 24231.79 پوائنٹس پربندہوا ۔ گزشتہ روز مجموعی طورپر 321 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے 33 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ ، 278کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ 10 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔