کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں4روز سے جاری شدید مندی کا تسلسل ٹوٹ گیا اور کاروباری ہفتے کے آخری روز شدیداتار چڑھاوٗ کا سلسلہ جاری رہنے کے بعد تیزی غالب آگئی جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس 537.58پوائنٹس کی ریکوری سے 30667.41پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیاجب کہ52.03فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں ایک کھرب8ارب 67 کروڑ27لاکھ روپے بڑھ گئے تاہم کاروباری حجم جمعرات کی نسبت20.54فیصد کم رہا ۔پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کو بھی کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہوا اور سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص فروخت کا دباؤ برقرار ہونے کے باعث مارکیٹ مندی کی زد میں رہی جس کی وجہ سے کے ایس ای100انڈیکس 30ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے 29906پوائنٹس کی سطح پر آگیا تاہم بعد ازاں بین الاقوامی اسٹاک اور آئل مارکیٹوں میں بہتری آنے کے زیر اثر مقامی اسٹاک مارکیٹ میں بھی ریکوری آئی جس کے باعث منفی اثرات زائل ہوگئے اور مارکیٹ مثبت زون میں داخل ہوگیا ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر انڈیکس 30924پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا بعد میں مزکورہ حد برقرار نہ رہ سکی لیکن مجموعی طور پر تیزی غالب آگئی اور مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 537.58پوائنٹس کے اضافے سے 30667.41پوائنٹس پر بند ہوا ۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس 327.39پوائنٹس کے اضافے سے 13537.03پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 420.98پوائنٹس کے اضافے سے 22106.41پوائنٹس پر بند ہوا ۔ گزشتہ روز344کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 179کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 152کمپنیوں میں کمی اور 13 کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا ۔