کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکس چینج میں بدھ کو مندی کا رجحان غالب رہا،جس سے کے ایس ای100انڈیکس31ہزار کی نفسیاتی حد سے 260.28پوائنٹس گرکر 30971.27پوائنٹس کی سطح پرآ گیا۔57.95 فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 67ارب98کروڑ93لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا، تاہم کاروباری حجم منگل کی نسبت 4.76فیصدزائد رہا ۔ گزشتہ روز ٹریڈنگ کے آغاز سے ہی مالیاتی اداروں ،میوچل فنڈز اور بروکریج ہاؤسز کی جانب سے منافع کے حصول کی غرض سے شیئرز فروخت کا دباؤ دیکھنے میں آیا جس سے ٹریڈنگ کے دوران 100انڈیکس30776.05پوائنٹس پرآ گیابعدازاں ریکوری آئی لیکن مجموعی طور پر مندی کا رجحان غالب رہا ۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس بھی147.88پوائنٹس کی کمی سے 13717.92پوائنٹس اورکے ایس ای آل شیئرز انڈیکس254.39پوائنٹس کمی سے 22192.53پوائنٹس پر بند ہوا ۔علاوہ ازیں انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں10پیسے کمی ہوئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر مستحکم رہا ۔فاریکس رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز انٹر بینک ریٹ میں 10پیسے کمی سے ڈالر168.10روپے سے گھٹ کر168روپے ہوگیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید167روپے اور قیمت فروخت168روپے پر مستحکم رہی ۔ادھرعالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں4ڈالر فی اونس کمی سے مقامی مارکٹ میں بھی 200روپے کم ہوگئی ۔ جس سے سونا 96ہزار فی تولہ800روپے اور10 گرام سونا172روپے کمی سے 82ہزار990روپے کا ہوگیا جب کہ چاندی کی فی تولہ قیمت 950روپے مستحکم رہی۔