کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکسچینج میں منگل کو بھی شدید مندی چھائی رہی جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس 33 ہزار کی نفسیاتی حد سے بھی ہاتھ کھو بیٹھا اورانڈیکس مزید 1067.98 پوائنٹس کی کمی سے 32616.93 پوائنٹس سطح پر آگیا جب کہ حصص کی فروخت کے دباؤ کے باعث 70 فی صد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس سے سرمایہ کاروں کو ایک کھرب 80 ارب 51 کروڑ8لاکھ روپے کا نقصان ہوا ۔کرونا وائرس کے پھیلتے دنیا بھر کی معیشت پر پڑتے منفی اثرات کے باعث گزشتہ روز منگل کو بھی پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز سے ہی مندی کا رجحان دیکھنے میں آیا اور سرمایہ کاروں کی جانب سے مارکیٹ سے سرمایہ نکالنے کو ترجیع دینے کے باعث وقت گزرنے کیساتھ ساتھ مندی کے بادل گہرے ہوتے چلے گئے جس کے نتیجے میں ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس 33ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے 32420 پوائنٹس کی سطح پر آگیا بعد میں معمولی ریکوری آئی لیکن مندی کے اثرات غالب رہے، مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 3.17فیصد یعنی 1067.98 پوائنٹس کی کمی سے 32616.93پوائنٹس پر بند ہوا ۔اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 543.84 پوائنٹس کی کمی سے 14321.08 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 618.88پوائنٹس کی کمی سے 23248.34 پوائنٹس پر بند ہوا۔