کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک ایکس چینج میں کئی روز سے جاری تیزی کا تسلسل ٹوٹ گیا۔کاروباری ہفتے کے آخری روز مندی کا رجحان غالب رہا جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس165.11پوائنٹس کی کمی سے 42188.11پوائنٹس کی سطح پرآ گیا۔53فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس سے مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں10ارب 17کروڑ88لاکھ روپے کی کمی ہوئی اور حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی جمعرات کی نسبت 17.55فیصد کم رہا ۔گزشتہ روز توانائی شعبے میں گردشی قرضے بڑھنے ،اگست میں ملکی برآمدات میں کمی اور بین الاقوامی سٹاک مارکیٹوں میں منفی رجحان کے باعث ٹریڈنگ کے آغاز سے ہی سرمایہ کاروں کی جانب سے محتاط طرز عمل اپنایا گیا جس کے باعث اتار چڑھاو دیکھنے میں آیا اورٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس 42290پوائنٹس کی بلند اور 41922پوائنٹس کی نچلی پر آگیاتاہم مجموعی طور پر مندی غالب آگئی کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس165.11پوائنٹس کی کمی سے 42023پوائنٹس کی سطح پربند ہوا ۔مندی کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت بھی گھٹ کر78کھرب 54ارب88کروڑ53لاکھ روپے ہوگئی۔دوسری جانب مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت600روپے کے اضافے سے ایک لاکھ15ہزار900روپے ہوگئی۔جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت1380روپے مستحکم رہی۔ادھر انٹر بینک میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قدر12 پیسے کم ہوکر166.18روپے ہوگیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالرکی قیمت فروخت 10پیسے کم ہوگئی اور قیمت خرید مستحکم رہی۔ یورو کی قیمت خرید194.50روپے سے بڑھ کر195روپے اور قیمت فروخت196.50روپے سے بڑھ کر195روپے ہو گئی جب کہ برطانوی پونڈ کی قیمت خرید219روپے اور قیمت فروخت221روپے برقرار رہی ۔