لاہور(اشرف مجید)پنجاب حکومت کی جانب سے پنجاب بھر میں چلنے والے موٹر سائیکل رکشوں کو قانونی قراردیتے ہوئے انکے روٹ اور کرایہ نامہ بنانے کا حکم جاری کر دیا گیاہے ۔محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب نے شہروں میں لاکھوں کی تعداد میں چلنے والے موٹر سائیکل رکشوں کو قانونی حیثیت دے کر ان سے روٹ پرمٹ کی مد میں سالانہ کروڑوں روپے ریونیو اکٹھا کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب کی جانب سے موٹر سائیکل رکشوں کے کرایہ نامہ بارے تجویز بنا کر پنجاب حکومت کو ارسال کر دی گئی جس میں موٹر سائیکل رکشہ کی پہلی سٹیج پانچ کلو میٹر تک کا کرایہ 10روپے ،اسی طرح 10کلو میٹر تک کا کرایہ 20روپے جبکہ 15کلو میٹر تک کا کرایہ 30روپے تجویز کیا گیا ہے ۔ موٹر سائیکل رکشوں کے روٹوں کو زونوں میں تقسیم کیا جا رہا ہے ایک ایک شہر میں 7سے 8زون بنا کر وہاں پر رکشے چلانے اور روٹ پرمٹ جاری کرنے بارے کام شروع کر دیا گیا ہے اس ضمن میں تین روز کے اندر تمام روٹ اور بنا کر محکمہ ٹرانسپورٹ کو بھجوائے جائیں گے ۔ذرائع کے مطابق لاہور میں واقع تمام اہم شاہراہوں مال روڈ ،کینٹ ایریا ،ڈیفنس ،جیل روڈ ،کنال روڈ پر موٹر سائیکل رکشوں کے چلنے پر پابندی رہے گی ۔