ساہیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر فرح مسعود نے عوام کی سہولت کے لئے ساہیوال منڈی مویشیاں کو بہتر اور کھلی جگہ پر منتقل کرنے کے لئے مناسب جگہ منتخب کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا کہ کیٹل مارکیٹ کمپنی جانوروں کی خریدو فروخت میں مزید بہتری لانے کے لئے اپنے بزنس ماڈل پر مسلسل نظر ثانی جاری رکھے ۔ وہ اپنے دفتر میں ساہیوال کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں جس میں کمپنی کے ایم ڈی احمد علی کے علاوہ ڈی سی اوکاڑہ رضوان نذیر، اراکین پروفیسر قمر الزمان خان، چودھری ارشد حسین، ڈاکٹر انور حسین اور ڈائریکٹر بہادر نگر فارم ڈاکٹر محمود اعجاز غوری نے بھی شرکت کی۔انہو ں نے کمپنی کی کارکردگی کو سراہا اور ہدایت کی کہ چیچہ وطنی اور عارف والا کی ماڈل منڈیوں پر جاری ترقیاتی کام کو بروقت مکمل کرنے کے لئے وسائل ممکن بنائے جائیں۔انہوں نے منڈیوں میں جانور بیچنے والوں اور خریدنے والوں کو ضروری سہولیات کی فراہمی کو بہتر کرنے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس میں کمپنی میں خالی آسامیوں پر بھرتی اور موجودہ ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے اور کارکردگی الاؤنس دینے کی بھی اصولی منظوری دی گئی۔