لاہور ، ملتان ( وقائع نگار، خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم والے پاکستان میں انتشار پھیلا کر دشمن کے ایجنڈے کو پورا کرنا چاہتے ہیں، اپوزیشن ذاتی مفادات کا ایجنڈا لے کر چل رہی ، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پہلی بار صاف اورشفاف پاکستان کی بنیاد رکھی گئی ، تحریک انصاف کی حکومت پاکستان کی سب سے شفاف حکومت ہے اور اڑھائی برس میں حکومت کا ایک بھی سکینڈل سامنے نہیں آیا، انہوں نے کہا کہ الزامات کی سیاست کرنے والوں کا کوئی مستقبل نہیں، بدقسمتی سے اپوزیشن جماعتیں قوم کوتقسیم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، پراپیگنڈہ کرنے والے جان لیں عوام کی خدمت کھوکھلے دعوؤں سے نہیں ہوتی، ملک نازک صورتحال سے گزر رہا ہے ، دشمن پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازش کر رہا ، اپوزیشن موجودہ صورتحال میں بھی غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہے ، پاک دھرتی ہم سے اتحاد و اتفاق کا تقاضا کرتی ہے اور ہماری پہچان پاکستان کے دم سے ہی ہے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور کے علاقے نشتر کالونی میں 8 سالہ بچے کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی اور ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دے دیا ، عثمان بزدار نے بچے کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔ وزیر اعلی نے فیصل آباد صدر میں 2 سالہ بچی کی نعش ملنے کا بھی نوٹس لیا، تحقیقات کرکے حقائق منظر عام پر لانے کی ہدایت کردی۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان خان بزدار دو روزہ نجی دورے پر ملتان پہنچ گئے ، وزیر اعلی سپیشل طیارے کے ذریعہ ملتان پہنچے ، گرین ویو کالونی میں ہمشیرہ کے ہاں رہائش پذیر ہیں۔