کراچی (کامرس رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی )گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر نے صحافیوں سے کہا کہ مجھ سے سبزی کی قیمتوں پر سوال نہ کیا جائے ۔پریس کانفرنس میں مختلف سوالات پر انہوں نے مزید کہا کہ ٹماٹر کی قیمت سے متعلق مشیر خزانہ کو درست معلومات نہیں ہیں۔آئی ایم ایف سے استعفیٰ دے چکا ہوں اور اب پاکستانی ادارہ کیلئے کام کررہا ہوں۔دریں اثنا گورنرسندھ عمران اسماعیل نے سٹیٹ بینک ہیڈ آفس کا دورہ کیا اور گورنرسٹیٹ بینک سے ملاقات کی جس میں قومی معیشت ، معاشی پالیسی و اصلاحات ، بزنس کمیونٹی کی تجاویز اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنرسندھ نے کہا کہ معاشی اہداف حاصل کرنے کے قریب ہیں۔ معیشت کے استحکام نے پاکستان کا امیج بہتر کیا۔ زبوں حال معیشت کو مستحکم کرنا ایک چیلنج تھا جسے وزیر اعظم کی معاشی ٹیم نے کرکے دکھایا۔ اس موقع پر رضا باقر نے بتایا کہ سٹیٹ بینک قومی ترقی میں ہراول دستہ کا کردار ادا کررہا ہے ۔