لاہور (صباح نیوز)چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن میاں خرم الیاس نے انڈسٹریل و ٹیکسٹائل سیکٹر پر بجلی بلوں میں دی گئی سبسڈی کے خاتمہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صنعتی شعبہ پر بجلی بلوں پر سبسڈی کے خاتمہ سے بجلی کے بل ڈبل ہوگئے ہیں جس سے اشیاء کی پیداواری لاگت اور ملک میں ہوشربا مہنگائی میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبہ کی ترقی کے لیے پیداواری لاگت میں کمی لائی جائے صنعتی شعبہ زائد پیداواری لاگت کے باعث حریف ممالک چین، بنگلہ دیش،ویت نام سے مسابقت نہیں کر پارہا۔ صنعتی شعبہ میں بجلی و گیس کی زائد قیمتوں کے باعث پاکستانی اشیاء مہنگی ہونے کے باعث بین الاقوامی مارکیٹ میں پاکستانی اشیائی کی مانگ میں کمی سے برآمدات کم اور تجارتی خسارہ میں اضافہ ہوگا ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینئر وائس چیئرمین حافظ عمران حمید، وائس چیئرمین مہوش احمد کے ساتھ ٹائون شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میاں خرم الیاس نے کہا کہ تمام انڈسٹریز اور ٹیکسٹائل شعبہ کو بجلی بلوں میں سبسڈی فراہم کی جارہی تھی لیکن اب یہ سبسڈی اچانک واپس لے لی گئی ہے اس سے قبل صنعتی شعبہ کیلئے گیس کے بلوں میں31فیصد اضافہ کیا گیا تھا اب بجلی پر سبسڈی واپس لینے کے فیصلہ سے تباہی سے ہمکنار ہوگا۔ اس لیے بجلی بلوں میں فی الفور سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ واپس لیا جائے ۔