لاہور،، اسلام آباد (نامہ نگارخصوصی، نامہ نگار ، نیوزایجنسیاں )احتساب عدالت نے پی ٹی آئی کے رہنما اورصوبائی وزیرسبطین خان و دیگر ملزمان کیخلاف منرل اینڈ مائنز کیس کی سماعت یکم نومبر تک ملتوی کردی ۔ جج ساجد علی نے کیس کی سماعت کی۔ پی ٹی آئی رہنما اور صوبائی وزیر سبطین خان و دیگر 8 ملزمان عدالت پیش ہوئے اور حاضری مکمل کرائی ۔ آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کو فرد جرم عائد کرنے کیلئے طلب کر لیا۔احتساب عدالت نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے سابق چیئرمین آصف ہاشمی کیخلاف نیب ریفرنس کی سماعت27اکتوبر تک ملتوی کردی۔ا حتساب عدالت نے پنجاب یونیورسٹی میں غیرقانونی بھرتیوں کے کیس میں سابق وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران و دیگر کے مقدمہ کی سماعت 25اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے نیب کے گواہوں کو آئندہ سماعت پرپیش ہونے کا حکم دیدیا ۔اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے پارک لین کو غیر قانونی الاٹمنٹ سے متعلق کیس میں گرفتار سابق چیئرمین سی ڈی اے فرخند اقبال کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 22 اکتوبر تک کیلئے ملتوی کردی۔احتساب عدالت میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی وغیرہ کیخلاف ایل این جی ریفرنس میں نیب گواہ پر جرح جاری رہی۔گذشتہ روز سماعت کے دوران شاہد خاقان عباسی،نیب پراسیکیوٹر عثمان مرزا استغاثہ کے گواہان عاصم ترمذی اور فرحان عدالت پیش ہوئے ۔جج اعظم خان نے عاصم ترمذی کو آئندہ سماعت پر دوبارہ طلب کرتے ہوئے مزید کارروائی12 اکتوبر تک کیلئے ملتوی کردی۔ احتساب عدالت نے بلغاریہ میں سابق سفیر ایس بابر ہاشمی کی بریت کی درخواست پر فیصلہ موخر کر دیا ۔ عدالت 2نومبر کو فیصلہ سنائے گی۔