سبی/کوئٹہ ،اسلام آباد (نامہ نگار+ خ ن،سپیشل رپورٹر ،92 نیوز رپورٹ ) بلوچستان کے شہر سبی کی جیل روڈ پر خودکش دھماکے میں 6 سکیورٹی اہلکار شہید جبکہ 20زخمی ہوگئے ۔پولیس حکام کے مطابق منگل کو دھماکہ جیل روڈ پر لوکل گورنمنٹ ریسٹ ہائوس کے سامنے سبی میلے کی تقریب کی جگہ سے کچھ فاصلے پر ہوا،سکیورٹی حکام کے مطابق دھماکہ سبی میلے کی اختتامی تقریب کے بعد ہوا جس میں صدر مملکت عارف علوی نے بھی شرکت کی تھی اور ان کا قافلہ بھی دھماکے کے مقام سے کچھ منٹ پہلے ہی گزرا تھا،پولیس کاکہنا ہے کہ دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو سیل کردیا ۔ ایم ایس سول ہسپتال سبی کے مطابق حوالدار لطیف، نا ئیک وحید، سپاہی جلیل، سپاہی آفتاب، سپاہی حبیب اللہ، کانسٹیبل عمران شہید ہوگئے ۔ دھماکے میں 6 ایف سی اہلکار، 10 پولیس اہلکار اور تین عام شہری زخمی ہوئے ،گورنر سیدظہورآغااوروزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے دھماکے کی مذمت اور قیمتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ۔ صادق سنجرانی ،مرزا محمد آفریدی، سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم ، یوسف رضا گیلانی ، اسفندیار ولی خان اور دیگر شخصیات نے بھی دھماکے کی مذمت کی ۔ اسلام آباد ،راولپنڈی(سپیشل رپورٹر ،92نیوزرپورٹ)سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے سبی میں دہشتگردوں کی موجودگی پر آپریشن کرڈالا آئی ایس پی آرکے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں کمانڈر حاصل دودا اور واشدل سمیت 7 دہشتگرد ہلاک ہوگئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردمکران ڈویژن میں سکیورٹی فورسزپرحملوں میں ملوث تھے ، کلیئرنس آپریشن کے دوران دہشتگردوں نے کیمپ سے فرارہونے کی کوشش کی،فرارہوتے وقت دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز پرفائرنگ کردی، دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود کا ذخیرہ برآمد کرلیا گیا، اسلحہ دہشتگردانہ کارروائیوں میں استعمال ہونا تھا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کوبلوچستان کاامن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔