اسلام آباد ( خصوصی نیوز رپورٹر ) پاکستان میں تعینات ترکی کے سفیر احسان مصطفی یوردکول نے کہا کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش مواقع موجود ہیں اور ترکی کی کمپنیاں چاہتی ہیں کہ وہ سب سے پہلے پاکستان کی مارکیٹ میں موجود ان مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں تاہم اس مقصد کیلئے پاکستان کو کاروبار کیلئے مزید آسانیاں پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ترکی پاکستان کے ساتھ طویل المدت اور پائیدار آزاد تجارت کا معاہدہ کرنا چاہتا ہے جو دونوں ممالک کیلئے فائدہ مند ثابت ہو۔ انہوں نے کہا کہ ترکی اور پاکستان کی قیادت چاہتی ہے کہ آزاد تجارت کا معاہدہ دونوں ممالک کی باہمی تجارت کو مستقبل میں 5ارب ڈالر تک لے جانے میں معاون ثابت ہو اور اس امید کااظہار کیا کہ پاکستان اس معاہدے کیلئے اسی ماہ اپنی اشیاء کی لسٹ ترکی کو فراہم کر دے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سی پیک کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ترکی کے سفیر نے کہا کہ پاکستان کو چاہیے کہ وہ ترکی کے سرمایہ کاروں کو اسپیشل اکنامک زونز سمیت سی پیک کے تمام منصوبوں میں پائے جانے والے سرمایہ کاری و جوائنٹ وینچرز کے مواقعوں کے بارے میں پوری طرح آگاہ کرے تاکہ وہ ان سے فائدہ اٹھا سکیں۔