اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)ایشیائی ترقیاتی بینک اوراسلامی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں کاٹن کے ویلیو چین بالخصوص کیڑے مارادویات، کوالٹی کنٹرول اورجننگ مشینری کوجدیدخطوط پر استوار کرنے کی ضرورت پرزوردیاہے ۔ یہ بات ایشیائی ترقیاتی بینک اوراسلامی ترقیاتی بینک کی پاکستان کی معیشت کی بحالی سے متعلق مشترکہ مطالعاتی رپورٹ میں کہی گئی ہے ۔رپورٹ میں کہاگیاہے کہ جغرافیائی، ماحولیاتی اورماضی میں کاشت کی طویل تاریخ کی وجہ سے پاکستان کو کاٹن کی پیداوارمیں امتیاز حاصل ہے تاہم اس کے باوجود اس امتیاز سے حاصل فوائد کواستعدادکے مطابق حاصل نہیں کیاجاسکا۔رپورٹ میں کہاگیا کہ پاکستان میں کاٹن کے معیارمیں بہتری لانے کی ضرورت ہے ، اس وقت پاکستان اعلیٰ معیار کی ٹیکسٹائل مصنوعات کی تیاری کیلئے اعلیٰ معیارکاکاٹن درآمدکررہاہے ،ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان میں کاٹن کے ویلیو چین کوجدید بنایا جائے بالخصوص کیڑے مارادویات، کوالٹی کنٹرول اورجننگ مشینری کوجدیدخطوط پراستوارکرنے کی ضرورت ہے ۔رپورٹ میں کہاگیاہے کہ ٹیکسٹائل کوپاکستان کی برآمدات میں کلیدی حیثیت حاصل ہے اوراس شعبہ میں برآمدات میں اضافہ کیلئے یہ بات ضروری ہے کہ پاکستان سائنسی فائبرز کے بین الاقوامی معیارکے مطابق مصنوعات پراپنی توجہ دے ۔رپورٹ میں پاکستان کی حکومت سے ایپرل بالخصوص سپورٹ وئیرزکی برآمدات میں اضافہ کیلئے اقدامات کی سفارش کی گئی۔