نیو یارک(ندیم منظور سلہری؍ صباح نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کی اصلاحات سے اقوام متحدہ کے رکن ممالک اور اس میں خطوں کی مساویانہ نمائندگی میں اضافہ ہونا چاہئے ،سلامتی کونسل کی اصلاحات میں رکن ممالک کا کلیدی مفاد ہے ،پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں جامع اصلاحات کے فروغ کے لئے اپنا فعال کردار جاری رکھے گا۔ان خیالات کا اظہار شاہ محمود قریشی نے اتحاد برائے اتفاق(یو ایف سی)کے وزارتی اجلاس سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا جنرل اسمبلی اجلاس میں مایوسی و جھنجھلاہٹ پر مبنی اور بین الریاستی مذاکرات میں جی فور کی ساز باز کی کوششیں دیکھنے میں آئیں جس کا مقصد اپنے لئے استحقاق کے نئے مراکز پیدا کرنے کی خاطر دبائو استعمال کرنا تھا۔وزیر خارجہ نے جنرل اسمبلی اجلاس میں اس گروپ(اتحاد برائے اتفاق)کی ترجیحات میں 5 نکات شامل کرنے کی تجاویز پیش کیں۔شاہ محمود قریشی نے اپنے انڈونیشیا، جاپان، فن لینڈ، سویڈن، رومانیہ کے ہم منصبوں سے ملاقات کی۔وزیر خارجہ نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کے شواہد پر مشتمل ایک ڈوزیئر جاپانی اور انڈونیشی ہم منصبوں کو پیش کیا۔وزیرخارجہ نے سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے رینکنگ ممبر ریپبلکن سینیٹر جیمز رِش سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں وزیر خارجہ نے پاکستان کی طرف سے امریکہ کے ساتھ وسیع البنیاد ، سٹریٹجک شراکت داری کی خواہش کا اعادہ کیا۔