لاہور(کلچرل رپورٹر)معروف اداکارہ سجل علی برطانیہ میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے پہنچ چکی ہیں اور فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔وزیر اعظم عمران خان کی سابق اہلیہ اور برطانوی فلم ساز جمائما نے اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ سجل ان کی فلم کے ذریعے ہالی ووڈ میں انٹری دینے کو تیار ہیں۔برطانوی فلم پروڈیوسر جمائما گولڈسمتھ کی پروڈکشن میں بننے والی فلم ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اِٹ‘ کی شوٹنگ لندن میں شروع ہے ۔جمائما نے فلم کی کاسٹ میں شبانہ اعظمی اور سجل علی کی شمولیت کی تصدیق کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ شیئر کیا ہے ۔انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں سجل علی اور شبانہ اعظمی لکھ کر اسٹار والی ایموجی کا اضافہ کیا۔دوسری جانب برطانوی نشریاتی ادارے کے صحافی ہارون راشد نے اپنے ٹوئٹ میں اس بات کی تصدیق کی کہ سجل جمائما کی فلم میں کام کریں گی ۔جمائما نے ہارون راشد کے اس ٹوئٹ کو بھی ری ٹوئٹ کیا۔فلم کے دیگر مرکزی کرداروں میں للی جیمز ، 32سالہ اداکار شہزاد اور 61سالہ اداکارہ ایما بھی شامل ہیں ۔فلم کے ڈائریکٹر شیکھر کپور ہیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق اس فلم کی کہانی جمائما خان نے خود لکھی ہے جو ان کی وزیراعظم عمران خان کے ساتھ محبت اور شادی کی کہانی سے متاثرہو کر لکھی گئی ہے ۔