لاہور(سپورٹس رپورٹر)سیکنڈ الیون نیشنل ٹی ٹونٹی کپ، سدرن پنجاب نے سندھ کو 5 رنز سے شکست دے دی۔گزشتہ روز نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سدرن پنجاب نے سندھ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 رنز سے شکست دے دی۔ سدرن پنجاب کی جانب سے مقبول احمد نے نصف سنچری اسکور کی تاہم فاسٹ باؤلرز عطاء اﷲ اور محمد علی خان نے مشترکہ طور پر 7 وکٹیں حاصل کرکے فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔20 سکور پر 2 وکٹیں گرنے کے بعدسدرن پنجاب کے مڈل آرڈر بلے باز مقبول احمد اور اوپنر ذیشان اشرف نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیااور سدرن پنجاب کا مجموعہ 150 سکور تک پہنچانے میں مدد دی۔ مقبول احمد نے 50 رنز کی اننگز کھیلی۔ سندھ کی جانب سے فاسٹ باؤلرز محمد عمر اور شاہ نواز نے 3 ، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جواب میں جاہد علی اور رمیز راجہ جونیئر پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے سندھ کو 62 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا مگر اس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی سدرن پنجاب کے فاسٹ باؤلرز کے سامنے کریز پر نہ ٹھہر سکا۔ سندھ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں9 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز ہی بناسکی۔اوپنر جاہد علی 40 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے ۔سدرن پنجاب کی جانب سے عطاء اﷲ نے 25 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ فاسٹ باؤلر محمد علی خان نے 32 رنز کے عوض3کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ایونٹ میں آج 2 میچز کھیلے جائیں گے ۔ پہلے میچ میں سنٹرل پنجاب اور خیبرپختونخوا جبکہ دوسرے میچ میں ناردرن اوربلوچستان کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گے ۔