لاہور (حافظ فیض احمد)پاکستان ریلوے کے بعض اعلیٰ افسروں کو سر پلس پول میں بھجوانے کی خبریں گردش کرنے لگیں، ریلوے کے بعض افسران ایک دوسرے سے رابطہ کرکے معلومات لیتے رہے ۔ذرائع کے مطابق ناقص کارکردگی کے پیش نظر ریلویز میں گریڈ 20،19،18 اور اکیس کے 25سے زائد افسروں کو سر پلس پول میں بھجوانے کے حوالے سے ریلوے ہیڈ کوارٹر میں خبریں گردش کر رہی ہیں جس پر ریلوے افسروں میں بے چینی پیدا ہو گئی اور ریلوے افسر ایک دوسرے سے اس حوالے سے معلوم کرتے رہے کہ لسٹ میں کس کس ریلوے افسر کا نام ہے اور اس کی کیا وجہ ہے ۔ ذرائع کے مطابق بعض افسر وزارت ریلوے میں رابطہ کر کے گردش کرنے والی خبروں کی تصدیق کرتے رہے لیکن ان سے کہا گیا کہ فی الحال کوئی لسٹ نہیں بنی اور جب ایسی لسٹ تیار ہوئی اور بغیر وجہ کے ان کو سر پلس پول میں بھجوایا گیا تو سخت ردعمل دیا جا ئے گا۔ذرائع کے مطابق ریلوے کے بعض افسروں کا کہنا ہے یہ سب کچھ ریلوے افسروں کے آپس کے اختلافات کی وجہ سے ہے ۔ افسر ایک دوسرے کی لابی کو اس کا زمہ دار قرار دے رہے ہیں ۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ریلوے افسروں کو سر پلس پول میں بھجوانے کے حوالے سے کوئی بات سامنے نہیں آسکی۔