لاہور(سٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کے ارکان کی اکثریت نے سینیٹر سراج الحق پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں دوبارہ پانچ سال کیلئے امیر منتخب کرلیا ۔گزشتہ روز منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے نائب امیر و چیف الیکشن کمشنر اسداﷲ بھٹو نے سراج الحق کے 2019سے 2024 تک دوبارہ امیرمنتخب ہونے کا اعلان کرتے ہوئے مزید کہا کہ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جس میں بیلٹ کے ذریعے تبدیلی آتی ہے ۔ جماعت اسلامی میں اقتدار کی منتقلی میں انا اور مفادات آڑے نہیں آتے ۔ الیکشن میں ووٹ لینے کیلئے کمپین ، بھاگ دوڑ ، نجویٰ اور رابطے نہیں کئے جاتے ، ہر ووٹر اپنی رائے کاآزادانہ استعمال کرتاہے ۔ جماعت اسلامی ملک کی واحد سیاسی و دینی جماعت ہے جس میں 1941 ئسے الیکشن کا عمل تواتر کیساتھ جاری ہے اور یوم تاسیس سے لیکر آج تک امیر جماعت اور مرکزی شوریٰ کے ارکان کا انتخاب ارکان کی آرائسے کیا جارہاہے ۔ جماعت اسلامی میں مرد وخواتین ارکان کو ووٹ کا برابر حق دیا جاتاہے ۔ امیر جماعت کا انتخاب اعلیٰ معیار کی جمہوریت کی زندہ مثال ہے ۔ جماعت اسلامی ملک میں حقیقی جمہوریت کے فروغ اور آمریت کے خاتمہ کی جدوجہد کر رہی ہے تاکہ عوام کو ان کے حقیقی نمائندے میسر آ سکیں ۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی اظہر اقبال ، امیر شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم ، امیر بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی ، حافظ سلمان بٹ ،مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف اور سیکرٹری پارٹی الیکشن کمیشن بلال قدرت بھی موجود تھے ۔دریں اثنا جماعت اسلامی نے اعلامیہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ مرکزی شوریٰ نے جو تین نام تجویز کئے ،ان میں سراج الحق ،لیاقت بلوچ اور پروفیسر ابراہیم شامل تھے ،تاہم ارکان جماعت ان تین ناموں کے علاوہ بھی کسی اور رکن کے حق میں اپنی رائے کا استعمال کرنے میں ہمیشہ کی طرح آزاد تھے ۔ دستور جماعت کی روشنی میں جماعت اسلامی کے تمام انتخابات میں کوئی امیدوارنہیں ہوتا ۔ اس انتخاب میں کل ووٹرزارکان جماعت کی تعداد 39,124تھی اور نتائج کے مطابق سراج الحق 2019 ئتا2024ء امیر جماعت منتخب ہوئے ،دعا ہے اﷲ تعالیٰ انہیں اس عظیم ذمہ داری کیلئے توفیق اور استقامت سے نوازے ۔