کراچی(سٹاف رپورٹر)مختلف سیاسی جماعتوں کے ارکان سینٹ وقومی اسمبلی نے کہا ہے کہ سرائیکی صوبے کا قیام اس وقت پاکستان کی ضرورت ہے ، یہ وفاق پاکستان میں ایک خوبصورت وفاقی اکائی کا اضافہ ہوگا اور اس سے وفاق پاکستان بہت مضبوط ہوگا، سرائیکی صوبے کے قیام میں اب مزید تاخیر نہیں ہونی چاہئے ، اکثریتی سرائیکی علاقوں کو سرائیکی صوبے میں تشکیل کیا جائے ۔ کراچی میںسرائیکی صوبہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے بھکر سے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر افضل خان ڈھانڈلہ نے کہاکہ بھکر اور میانوالی کو لازماًسرائیکی صوبے میں شامل ہونا چاہئے ۔بلوچستان عوامی پارٹی کے سینیٹر انوار الحق کاکڑ نے کہاکہ صوبے قومی شناخت کی بنیاد پر یا انتظامی بنیاد پربنانے میں کوئی قباحت نہیں ، سرائیکی عوام کا مقدمہ ہر جگہ لڑیں گے اور ہماری پارٹی کے ارکان سینٹ و قومی اسمبلی سرائیکی صوبے کے قیام کیلئے ہر ممکن کردارادا کریں گے ۔ پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی آغارفیع اﷲ نے کہاکہ سرائیکی صوبہ سے طاقت کا توازن قائم ہوگا اور وفاق مضبوط ہوگا، ہم سرائیکی صوبہ کیلئے ایوانوں سمیت ہر جگہ کوشش کریں گے ۔ پیپلز پارٹی کی خاتون رکن قومی اسمبلی ڈاکٹرشاہدہ رحمانی نے کہاکہ سرائیکی صوبہ بنانے کیلئے ہم سب ایوانوں میں اپنا بھرپورکردار ادا کریں گے ۔ پیپلز پارٹی کے رہنما تاج حیدر نے کہاکہ سرائیکی عوام کی جدوجہد رنگ لے آئی اور پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں یہ کہہ رہی ہیں کہ سرائیکی صوبہ بننا چاہئے ،نئے صوبے کا نام سرائیکستان یاسرائیکی صوبہ رکھاجائے ۔ سینئر صحافی اور دانشور رانا محبوب نے کہاکہ سرائیکی صوبہ نئی وفاقی اکائی کے طور پر قائم ہوگا،صوبے لسانی یا انتظامی نہیں ہوتے ۔ سیمینارسے سینئر صحافی نذیر لغاری ،سرائیکی عوامی سنگت کے صدر مشتاق احمد فریدی،سینئر صحافی شاہد جتوئی نے بھی خطاب کیا۔