لاہور(جنرل رپورٹر) موسم سرما کی آمد کے آغاز کے ساتھ ہی سموگ کے بعد اب لوگوں ناک ، کان، گلے کے انفیکشن اور دیگر موسمی بیماریوں میں مبتلا ہونے شروع ہو گئے ہیں ۔بچے بڑے اور بوڑھے افراد خشک سردی کی وجہ سے ان بیماریوں کا شکار ہو کر ہسپتالوں کا رخ کرنے لگے ۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ خاص احتیاطی تدابیر اپنا کر ان بیماریوں سے محفوظ رہا جا سکتا ہے ۔اسسٹنٹ پروفیسر آف پیڈ یاٹرک کنگ ایڈور ڈمیڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر کلیم نے کہا کہ بچے اس موسم میں ٹھنڈے پانی اور چٹ پٹی چیزوں کے استعمال سے ناک ، کان ، گلے کے امراض میں اضافہ ہو رہے ہیں ۔ تاہم خنا ق اور نمونیہ کے کیسز بھی رپورٹ ہونا شروع ہو گئے ہیں اس لیے بچوں کے علاج معالجے کے حوالے سے والدین کو چاہیے کہ وہ عطائیوں کے پاس جانے کی بجائے کوالیفائیڈ ڈاکٹروں سے رجوع کریں انہوں نے کہا کہ بڑے افراد بھی ناک اور گلے کی انفکیشن سے متاثر ہو رہے ہیں اور نزلہ کے مرض میں مبتلا ہوررہے ہیں ۔ اسسٹنٹ پروفیسر آف کارڈیالوجی ڈاکٹر عامر بندیشہ کا کہنا ہے کہ سموگ سے جہاں سانس کی بیماریاں بڑھ رہی ہیں وہی پر موسم سرما کی ابتدائی دنوں میں لوگ دمہ اور سانس رکنے کی تکالیف کے ساتھ ہسپتالوں کا رخ کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر سانس لینے میں تنگی محسوس ہو تو بھاپ لینابھی مفید ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ناک ، کان ، گلے ، کھانسی ، نزلہ ، زکام ، بخار کی صورت میں فوری طور پر اچھے و مستند معالج سے رابطہ کیا جائے تاکہ مرض کا بر وقت علاج ممکن ہو سکے ۔