اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور صدر آزاد کشمیر سردار مسعود نے وزارت خارجہ میں اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے سفیروں سے ملاقات کی۔اس موقع پر صدر آزاد کشمیر سردارمسعود نے او آئی سی سفیروں کو غیر معمولی بریفنگ دی جبکہ وزیر خارجہ شاہ محمود نے مسئلہ کشمیر اور اسلاموفوبیا پر نکتہ نظر کی تائید پر او آئی سی ممالک کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری خارجہ سہیل محمودبھی موجودتھے ۔وزارت خارجہ میں ہونے والی اس اہم ملاقات میں اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے سفارتکاروں کو بریفنگ دیتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ نائیجر میں ہونے والی اسلامی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں بھارت کی تمام تر ریشہ دوانیوں اور سازشوں کے باوجود جموں وکشمیر کے مسئلے پر ایک موثر، جاندار اور جامع قرار داد کی منظوری جہاں مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کی فتح ہے وہاں جموں وکشمیر کے عوام کی جدوجہد کیلئے بھی ایک اہم پیشرفت ہے اور اس کامیابی میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں پاکستان کی وزارت خارجہ کا کلیدی کردار ہے جس نے دن رات محنت کر کے اسلامی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں ہوا کا رخ بدل دیا۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ اُن کی قیادت میں کشمیری وفد کی اسلامی وزرائے خارجہ کونسل اجلاس میں با معنی شرکت اور اجلاس سے خطاب کو یقینی بناکر اور مسئلہ کشمیر پر موثر قرار داد کو منظور کروا کرپاکستان نے بھارت کی منفی کوششوں کو ناکام بنا دیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اسلامی تعاون تنظیم کے بانی رکن ہونے کے ناطے مسلم اُمہ کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اسلامی تعاون تنظیم کو انتہائی اہم فورم سمجھتا ہے ۔ وزرات خارجہ میں ہونے والی بریفنگ سے قبل اور بعد میں صدر آزادکشمیر نے مختلف مسلم ممالک کے سفیروں سے انفرادی بات چیت بھی کی اور انہیں مقبوضہ جموں وکشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ قبل ازیں ایک بیان میںشاہ محمود قریشی نے کہاکہ بھارت خطے کے امن کا دشمن ہے ، بلوچستان اور قبائلی علاقوں میں بھارت دہشت گردی پھیلا رہا ہے ۔ سی پیک کے خلاف بھارتی سازشیں دنیا کے سامنے لائے اوربھارتی دہشت گردی بے نقاب ہوچکی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بھارتی دہشت گردی کی کوششوں کو بے نقاب کرتے رہیں گے ۔وزیرخارجہ نے کہا کہ چین کے وزیر دفاع کے دورے میں بھارتی عزائم پر بات ہوئی ہے ۔ ادھروزیر خارجہ سے سوڈان میں تعینات پاکستانی سفیر سرفراز احمد سپرا نے یہاں وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی۔ وزیر خارجہ نے پاکستان اور سوڈان کے مابین دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے میسر مواقعوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے دو طرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے اپنی کاوشیں تیز کرنے کی ہدایت کی۔