لاہور( کلچرل رپورٹر)پاکستان بھر میں سال 2021 کی پہلی ملک گیر پولیو مہم کا آغاز 11 جنوری سے ہوا جو آج 15 جنوری کو اختتام پذیر ہوجائے گی، مہم میں ملک بھر میں 5 سال سے کم عمر 4 کروڑ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف طے کیا گیا ، قومی ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 2 لاکھ 85 ہزار فرنٹ لائن ورکرز انسداد پولیو مہم میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں، انہی پولیو ورکرز کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے گزشتہ روز پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے پروگرام کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ'پاک فائٹس پولیو کی جانب سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی تھی، اس ویڈیو میں 2 خواتین پولیو ورکرز کو آزاد کشمیر میں انتہائی سرد موسم میں ارد گرد کئی فٹ برف کے درمیان راستہ بناتے ہوئے آگے بڑھتے دیکھا جاسکتا ہے ۔اب اداکار و گلوکار فرحان سعید نے یہی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ان پولیو ورکرز کو خراج تحسین پیش کیا ہے جو موسم کی پروا کیے بغیر اپنے فرض کی انجام دہی میں مصروف ہیں۔فرحان سعید نے لکھا کہ تمام ہیروز کیپس نہیں پہنے کچھ پیلی جیکٹ بھی پہنتے ہیں۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے ادارے بین الاقوامی چلڈرن ایمرجنسی فنڈ (یونیسیف) کی جانب سے بھی ان خواتین پولیو ورکرز کی ویڈیو شیئر کی گئی ہے ۔