اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہاہے کہ سرعام پھانسی کی سزا انسانیت دشمنوں کو سبق سکھانے کیلئے ضروری، سرعام پھانسی کے حوالے سے پارلیمنٹ کی قرارداد پوری قوم کی ترجمان ہے ، کیا انسانی حقوق کے نام نہاد علمبرداروں کو بچوں سے زیادتیاں نظر نہیں آتیں؟ امہ کو فلاح کیلئے حضرت فاطمتہ الزہرا رضی اللہ عنہ کے سیرت و کردار پر عمل پیرا اور بڑے اختلاف کم، چھوٹے اختلافات کو ختم کرنا ہوگا۔ان خیالات کااظہارانہوں نے جامعہ نعیمیہ میں ساتویں خاتون جنت کانفرنس سے خطاب میں کیا ۔کانفرنس سے مفتی گلزار نعیمی، ڈاکٹر ثاقب اکبر، پیر صفدر گیلانی ، علامہ حامد رضا اور مقصود جعفری سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ اس موقع پر مطالبہ کیا گیا کہ حضرت فاطمتہ الزہرا کے یوم ولادت کو یوم خواتین کے طور پر منانے کا اعلان کیا جائے ۔وفاقی وزیر مذہبی امورپیر نور الحق قادری نے اپنے خطاب میں سرعام پھانسی بارے پارلیمنٹ کی قرارداد پر سوال اٹھانے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ جس معاشرے میں سزا اور جزا کا نظام نہ ہو وہ معاشرے تباہ ہوتے ہیں ،قصاص کا حکم خود قرآن پاک نے دیا اور اسے زندگی سے تعبیر کیا ،ایسے انسانیت دشمنوں کو کیفر کردار تک پہنچانا ضروری ہے ۔ تقریب سے پیر صفدر گیلانی ،صاحبزادہ حامد رضا نے بھی خطاب کیا۔