کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے بیٹے عبداللہ کے ساتھ سورۃ فاتحہ کی تلاوت کی تو اس کے اختتام پر ان کے بیٹے نے از خود دعا کرا دی۔ ان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے ۔ سرفراز احمد جو حافظ قرآن بھی ہیں ،نے نہایت خوبصورت آواز میں سورۃ فاتحہ کی تلاوت کی،ان کا ننھا بیٹا بھی ساتھ ساتھ جتنا ممکن ہوسکا پڑھتا گیا ۔تلاوت کے اختتام پر سرفراز احمد نے جیسے ہی دعا کے لئے ہاتھ اٹھائے تو ان کے بیٹے نے اپنے ہاتھ آگے بڑھا کر کہا کہ اب میں پڑھوں گا، اس پر سرفراز نے کہا کہ آپ پڑھو۔ بیٹے نے ہاتھ اٹھاکر دعا مانگی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ ،ہم سب کو اپنی حفظ و امان میں رکھے ۔ آمین۔سوشل میڈیا پر کرکٹرز سمیت مداحوں کی بڑی تعداد نے اسے پسند کیا ہے ۔