اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت گیس اور معدنیات کے شعبوں پر توجہ مرکوز کرنے کے علاوہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو معیشت کے ترجیحی شعبوں میں سرمایہ کاری کی ترغیب دے رہی ہے ، سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لئے اصلاحات کے عمل کو تیز کیا جائے ،سرکاری ملکیتی کاروباری اداروں کو بہتر ، کاروبار میں آسانی کو یقینی بنایا جائے اور برآمدات میں تنوع اور درآمدات کا متبادل تلاش کیا جائے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ملک میں معاشی تبدیلی کے لئے بڑے شعبوں میں حکومتی اصلاحات کا جائزہ لینے کے لئے اقتصادی مشاورتی کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔وزیر اعظم کو آگاہ کیا گیا کہ اقتصادی مشاورتی کونسل کی جانب سے اصلاحات کے لئے 14 ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کی گئی ہے تاکہ اگلے تین سالوں میں جی ڈی پی کی شرح نمو کو 6 فیصد اور جی ڈی پی اور سرمایہ کاری کے تناسب کو موجودہ 15 فیصد سے بڑھا کر 20 فیصد تک لے جایا جا سکے ۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لئے اصلاحات کے عمل کو تیز کریں ، سرکاری ملکیتی کاروباری اداروں کو بہتر ، کاروبار میں آسانی کو یقینی بنائیں ، برآمدات میں تنوع اور درآمدات کے متبادل تلاش کریں۔وزیراعظم نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ صداقت، عدالت اور شجاعت کی خصوصیات ایک عام آدمی کو عظیم بنا دیتی ہیں۔انہوں نے علامہ محمد اقبال کا شعر بھی ٹویٹ کیا جس میں انہوں نے کہاتھا کہ ’’سبق پھر پڑھ صداقت کا ، عدالت کا ، شجاعت کا، لیا جائے گا تجھ سے کام دنیا کی امامت کا۔وزیراعظم نے ایک اور ٹویٹ میں کہا ہے کہ یوم آزادی کے موقع پر ہمیں قائداعظم محمد علی جناح کے تصور کے مطابق اتحاد ، ایمان اور نظم و ضبط کی اپنی قومی اقدار کو برقرار رکھنے کے پختہ عزم کا اعادہ کرنا چاہئے ۔