میونخ( ویب ڈیسک) ساشا پیسک کا تعلق سربیا کے تاریخی شہر نیش سے ہے ، لیکن ان کی اپنی وجہ شہرت وہ 750 کتے ہیں جنہیں انہوں نے اپنے پاس پناہ دے رکھی ہے اور جن کا خیال وہ دن رات رکھتے ہیں۔ ہوا یوں کہ ساشا نے 2008 میں کتے کے کچھ ایسے پلّوں کی جان بچائی تھی جنہیں کسی نے شدید سردی میں مرنے کے لیے چھوڑ دیا تھا۔ تب سے لے کر آج تک، پچھلے گیارہ سال میں وہ 1200 سے زیادہ کتوں کی جان بچا چکے ہیں جن میں سے 750 کتوں کو انہوں نے اپنی ہی بنائی ہوئی ایک پناہ گاہ میں رکھا ہوا ہے ۔2015 سے پہلے تک انہیں کوئی نہیں جانتا تھا لیکن اس سال ان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں انہیں جان پر کھیل کر ایک کتے کی جان بچاتے ہوئے دکھایا گیا تھا صرف فیس بک پر اس ویڈیو کو 6 کروڑ سے زیادہ مرتبہ دیکھا گیا ہے ۔