لاہور(جنرل رپورٹر) سروسز ہسپتال میں فارماسسٹ کی شدید قلت پائی جاتی ہے اور اس وقت صرف 6فارماسسٹ پورے ہسپتال کے لیے کام کر رہے ہیں۔ 27سیٹیں خالی پڑی ہیں جن پر بھرتی کا عمل نہیں اپنا یا جا رہا ۔ایکسرے ٹیکنیشن کی 56فیصد سیٹیں ،جونئیر ٹیکنیشن ریڈیوگرافی کی59فیصد اورفارمیسی ٹیکنیشن کی 41فیصد کی سیٹیں خالی ہیں۔ فارمیسی کے شعبے میں اتنی زیادہ سیٹیں خالی ہونے کی وجہ سے کام شدید متاثر ہو رہا ہے ۔سرکاری دستاویز کے مطابق اس وقت سروسز ہسپتال میں فارماسسٹ کی گریڈ 17میں 33سیٹیں منظورشدہ ہیں اور حیران کن طور پر صرف6سیٹیں پُر ہیں اور 27سیٹیں خالی پڑی ہیں ۔ اسی طرح ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ میں کام کرنے والے ٹیکنیشن کی سیٹیں بھی خالی پڑی ہیں ان میں ایکسرے ٹیکنیشن کی کل 46سیٹیں منظور ہیں جن میں سے صرف20پرٹیکنیشن کام کر رہے ہیں اور 26سیٹیں خالی پڑی ہیں ۔ جونئیر ٹیکنیشن ریڈیوگرافی اینڈ امجنگ ٹیکنالوجی کے لیے 22سیٹیں منظور ہیں اور 9پر بھرتی ہوئی تاہم 13خالی پڑی ہیں ۔فارمیسی ٹیکنیشن ڈسپنسر کی 84سیٹیں ہیں جن میں 49پر ڈسپنسر کام کر رہے ہیں اور 35سیٹیں خالی پڑے ہیں ۔