٭ شادی اپنوں میں ہوگی یا غیروں میں؟ ٭ اپنوں میں ہوگی جو شادی کے بعد غیر بن جائیں گے۔ ٭ ایک کاروباری سلسلے میں انگلینڈ جانا چاہتا ہوں… جا سکوں گا؟ ٭ اگلے سال جائیں… اس سال ایئرپورٹ پر ہی پکڑے جانے کا امکان ہے۔ ٭ کیا شادی پسند کی ہوگی؟ ٭٭ جی ہاں‘ آپ کے والدین کی پسند کی۔ ٭ میں شعر کہتا ہوں۔ ’’مخبوط‘‘ تخلص کیسا رہے گا؟ ٭٭ ستارے کہتے ہیں کہ ’’مخبوط الحواس‘‘ زیادہ موزوں رہے گا۔ ٭ وہ کب مجھ سے محبت کرنا شروع کرے گی؟ ٭٭ ’’وہ‘‘ کا نام اور تاریخ پیدائش بھیجیں تاکہ میں حساب لگا سکوں کہ اس کے دماغ میں کب خرابی واقع ہوگی۔ ٭ شادی کب ہوگی… مستقبل کیسا ہے؟ ٭٭ شادی کبھی نہ ہو سکے گی۔ مستقبل روشن ہے۔ لوگ رشک کریں گے۔ ٭ بیوی سے ہر وقت لڑائی جھگڑا رہتا ہے۔ اس کی وجہ؟ ٭٭ شادی۔ ٭ میری شادی ’’ع‘‘ سے ہوگی یا ’’ن‘‘ سے؟ ٭٭ آپ کی شادی ’’ن‘‘ سے ہو سکتی ہے‘ بشرطیکہ آپ ’’پ‘ ح‘ اور چ‘‘ کی طرف سے ہوشیار رہیں۔ بہتر ہوگا اس سلسلے میں ’’ک‘ گ‘ ع‘ م‘‘ کاتعاون حاصل کریں۔ ٭ کوئی لڑکی مجھ سے شادی پر آمادہ نہیں ہوتی… کیا کروں؟ ٭٭ اللہ تعالیٰ کا شکر۔ ٭ میں ’’پ‘‘ سے محبت کرتا ہوں مگر ’’پ‘‘ کا جھکائو ’’ش‘‘ کی طرف ہے۔ کیا کسی طریقے سے ’’پ‘‘ کا جھکائو میری طرف ہوسکتا ہے؟ ٭٭ ’’پ‘‘ کا جھکائو عنقریب آپ کیطرف ہونے والا ہے کیونکہ وہ ’’ش‘‘ سے شادی کرنے کے لیے آپ سے قرض مانگنے کا سوچ رہی ہے۔ ٭ میں سعودی عرب کب جا سکوں گا؟ ٭٭ جب سعودی عرب کے تیل کے ذخائر ختم ہو جائیں گے۔ ٭ کئی سپیشلسٹوں سے علاج کروا چکا ہوں‘ میرے مرض کے دور نہ ہونے کا اصل سبب کیا ہے؟ ٭٭کئی سپیشلسٹ۔ ٭ میرے میاں روزانہ رات کو دیر سے گھر آتے ہیں۔ ان کی یہ روٹین کب بدلے گی؟ ٭٭ مبارک ہو بہن… آئندہ ماہ سے وہ علی الصبح گھر پہنچ جایا کریں گے۔ ٭ میرے حالات بہت خراب ہیں۔ کوئی وظیفہ بتائیں؟ ٭٭ مقامی زکوٰۃ کمیٹی کو ماہانہ وظیفے کی درخواست دیں۔ ٭ میری شادی ’’ب‘‘ سے ہو سکے گی؟ ٭٭ ’’ب‘‘ آپ کو پسند نہیں کرتی۔ آپ باقی حروف تہجی پر غور فرمائیں۔ ٭ میں جس سے محبت کرتی ہوں کیا وہ بھی مجھ سے محبت کرتا ہے؟ ٭٭ وہ خوب محبت کرتا ہے‘ آپ کی ماں سے ڈرتا ہے۔ ٭ میں اس سال باہر جا سکوں گا؟ ٭٭ باہر تو نہیں‘ البتہ اس سال آپ کے اندر ہو جانے کے واضح امکانات ہیں۔ ٭ کیا میں ہوٹل کامیابی سے چلا سکوں گا؟ ٭٭ بشرطیکہ آپ ادیبوں‘ شاعروں اور سیاستدانوں کو نہ بیٹھنے دیں۔ ٭ میں تاجر ہوں۔ کیا میرا پارٹنر بے ایمان ہے؟ ٭٭ آپ کے پارٹنر نے بھی ہم سے یہی سوال پوچھا ہے۔ ٭ پاکستان میں جنرل الیکشن کب ہوں گے؟ ٭٭ ظاہر ہے جنرل الیکشن‘ جنرل صاحب کی مرضی سے ہوں گے۔ ٭ مجھ پر تین لڑکیاں مرتی ہیں۔ ’’پ، س اور ص‘‘۔ شادی کس سے کروں؟ ٭٭ جو سب سے پہلے مرنا چاہے۔ ٭ میں دودھ کا کاروبار کرتا ہوں۔ دودھ کو خراب ہونے سے بچانے کا کیا طریقہ ہے؟ ٭٭ دودھ کو بھینس کے اندر ہی رہنے دیں۔ ٭ جب سے ہم نے اپنے بڑے لڑکے کی شادی کی ہے‘ وہ ہمہ وقت بیوی کے پاس رہتا ہے۔ ہمیں پوچھتا تک نہیں۔ بتائیں ہم کیا کریں؟ ٭٭ اب چھوٹے لڑکے کی شادی مت کرنا۔ ٭ دو ماہ ہوئے‘ میرے میاں گھر سے گوشت لینے نکلے تھے‘ ابھی تک واپس نہیں آئے۔ کیا کروں؟ ٭٭ قسائی سے پتا کریں… ٭ عورتوں کی عمر‘ مردوں سے زیادہ کیوں ہوتی ہے؟ ٭٭ اس لیے کہ ان کی بیویاں نہیں ہوتیں۔ ٭ مجھے ایک ملازمت کی آفر ہوئی ہے۔ دماغ کہتا ہے۔ قبول کرلو‘ دل کہتا ہے‘ مت کرو… بتائیے‘ کیا کروں؟ ٭٭ تمہارا پیٹ جو کہتا ہے‘ وہی کرو۔ ٭ عورت کو سمجھنا‘ ناممکن کیوں ہے؟ ٭٭ صرف وہی چیز سمجھ میں آ سکتی ہے جس کے اندر کوئی سسٹم ہو۔ ٭ میرا بیٹا بہت گستاخ ہو گیا ہے۔ بات بات پر چیخنا چلانا شروع کردیتا ہے۔ بتائیے کیا کروں؟ ٭٭ اس کی شادی کردیں۔ پھر وہ صرف جمائی لیتے وقت منہ کھولے گا۔ ٭ میری بیوی کھانا پکا سکتی ہے لیکن پکاتی نہیں۔ اس کا کیا حل ہے؟ ٭٭ میں خود تمہاری طرح پریشان ہوں… میری بیوی کھانا پکا نہیں سکتی‘ لیکن پکاتی ضرور ہے۔ ٭ مجھے ’’ش‘‘ سے پہلی نظر میں محبت ہوگی ہے۔ کیا کروں؟ ٭٭ اس پر دوسری نظر ڈال لو۔