لاہور،اسلام آباد،گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی سے ،خبر نگار خصو صی، سٹاف رپورٹر، اپنے رپورٹر سے ،،ڈسٹرکٹ رپورٹر ) نبی آخرالزماں حضرت محمدﷺکا جشن ولادت آج 12ربیع الاول مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا ،دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21توپوں کی سلامی کے ساتھ ہوگا،نمازفجر کے بعد اسلام کے فروغ ملک اور امت مسلمہ کے اتحاد، یکجہتی ، ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی ملک بھر میں درود و سلام اور نعت خوانی کی محافل منعقد کی جائیں گی ، سیمینارز اور کانفرنسز منعقد ہوں گی ۔ملک بھر کے گلی ،محلوں او ر بازاروں کو خوبصورت روشنیوں ،برقی قمقموں اورسبز جھنڈیوں سے سجا دیا گیا جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے ۔ہر طرف درود و سلام کی صدائیں سنائی دے رہی ہیں ۔ لاہور سمیت ملک بھر کے مختلف مقامات پر جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی ۔جشن عید میلاد النبی کی مناسبت سے ملک بھر میں نیاز تقسیم کرنے کا بھی اہتمام کیا گیا۔کیک کے وسیع پیمانے پر آرڈرز دے دیے گئے جبکہ نیاز بانٹنے کے لئے کیٹرنگ اور پکوان سنٹرز پر بکنگ کر لی گئی ۔ فول پروف سکیورٹی انتظامات کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے ۔ سکھر،ماچھیوال، محمد نگر سمیت ہر شہر میں میلاد کا جشن منانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں، آج عید میلادؐ کے جلوس نکالے جائیں گے ۔ لاہور ، کراچی ،مظفرآباد( وقائع نگار، سٹاف رپورٹر،صباح نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سردار الانبیا خاتم النبیینﷺ کے یوم ولادت پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہمیں اسلاموفوبیا سے نمٹنے اور اسلام کے حقیقی پیغام کو اجاگر کرنے کیلئے حضور اکرم کی حیات طیبہ اور قرآن پاک کے پیغام کو دنیا بھرمیں عام کرنا ہو گا۔وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ سرورکائنات حضرت محمدرسول اللہ خاتم النبیین ﷺکی حیثیت اس کائنات میں اس بے مثال آفتاب کی ہے جو غار حرا سے طلوع ہوا اور ساری کائنات کو رحمت اور ہمدردی کے نور سے منور فرمایا۔ آپ خاتم النبیین ﷺ کی بے مثل تعلیمات رہتی دُنیا تک کے نظاموں اور انسانوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔ ہماری یہ کوشش ہے کہ ہم ریاست مدینہ کے تصور سے پوری طرح سے رہنمائی حاصل کرکے وطن عزیز کو ایک فلاحی ریاست کے سانچے میں ڈھالیں۔ کورونا وائرس کی دوسری لہرسراُٹھارہی ہے ۔ ہمیں چاہئیے کہاحتیاطی تدابیر پر عمل پیرا رہیں۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپؐ نے بنی نوع انسان کو اندھیروں سے نکال کر انسانیت کی معراج تک پہنچا دیا۔مسلم لیگ کے صدر شجاعت حسین، سپیکر پرویزالٰہی اور مونس الٰہی نے اپنے پیغامات میں کہا کہ حالات کا تقاضا ہے کہ ہمیں اس موقع پر دنیاوی نفع و نقصان سے قطع نظر تحفظ ناموس رسالتﷺ کے عزم پر ڈٹ جانا چاہئے ۔ ۔ صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان اور وزیراعظم راجہ محمدفاروق حیدر نے اپنے اپنے پیغام میں کہا کہ حضور اکرم ﷺنے عصیبت، فرقہ واریت اور جہالت کے اندھیروں سے امت کو نکال کر دین کا راستہ دکھایا ۔آپؐ کی شخصیت انسانیت کی معراج سے بھی بہت بلند ہے ۔آپ ؐکی زندگی تمام انسانوں کے لیے بہترین نمونہ ہے ۔