اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ سرکاری ریسٹ ہاؤسز کو عوام کے لئے کھولنا حکومتی پالیسی کا حصہ ہے ، اس پالیسی کی راہ میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی اور معلومات فراہم نہ کرنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو وزیر اعظم آفس میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے ریسٹ ہاؤسز کو عوام کے زیر استعمال لانے اور سیاحت کے فروغ کے لئے بروئے کار لانے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیرِ سیاحت پنجاب راجہ یاسر ہمایوں نے بتایا کہ پنجاب میں مختلف محکموں کے 177ریسٹ ہاؤسز کو عوام کے استعمال کے لئے کھول دیا گیا ہے ۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا محمد سلیم نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ خیبرپختونخوا میں کل ریسٹ ہاؤسز کی تعداد 157ہے جو کہ محکمہ زراعت، جنگلات، پولیس و دیگر محکوموں کی ملکیت میں ہیں، ان ریسٹ ہاؤسزکو مختلف محکمہ جات سے لیکر ٹورازم ڈیپارٹمنٹ کی تحویل میں دینے کا کام جاری ہے ۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ تمام ریسٹ ہاؤسز کی درجہ بندی کی جائے ۔علاوہ ازیں وزیراعظم سے برٹش ائیرویز کے چیف کمرشل آفیسر اینڈریو بریم نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا پاکستان کیلئے برٹش ایئر ویز کی پروازوں کی بحالی سے ملک میں سیاحت کے شعبہ کے فروغ میں مدد ملے گی اور عالمی برادری کو وسیع تر تجارت و سرمایہ کاری کیلئے مثبت اشارے ملیں گے ۔مزیدبرآں وزیراعظم سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ملاقات کی ۔