لاہور (اپنے خبر نگار سے ) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں بہترین طبی سہولیات کو یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہیں۔اپنے دفتر میں وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان اور مینجنگ ڈائریکٹر بیت المال عون عباس سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا پنجاب میں غربت کی لکیر سے نیچے گھرانوں کو صحت انصاف کارڈ کی صورت میں حکومت نے بہترین تحفہ دیا ہے ،سابقہ کرپٹ حکومت نے پنجاب کے عوام سے صحت سکیموں کے نام پرصرف جھوٹے وعدے کئے اور اپنی سیاست چمکانے کے علاوہ اور کچھ نہیں دیا، کرپٹ حکمران خالی عمارتوں پر اپنے نام کی تختیاں لگا کرخودکو خوش کرتے رہے ۔ وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان اور عون عباس نے سرکاری ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی اورمریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی پر ڈاکٹر یاسمین راشد کو خراج تحسین پیش کیا۔ملاقات میں پرائم منسٹر ہیلتھ اقدامات، صحت انصاف کارڈ اور ملکی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔