فیصل آباد(راناافتخارخاں) پنجاب حکومت نے سرکاری تحویل میں لئے گئے 200 دینی مدارس کا نظام چلانے کے لئے نیا ڈائریکٹوریٹ آف ریلیجئس (دینی) ایجوکیشن قائم کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے ۔ نئے ڈائریکٹوریٹ میں سکیل 18 کے دو افسران بطور ڈپٹی ڈائریکٹر اور سکیل 17 کے 6 افسران بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز تعینات کرنے کے احکامات بھی جاری کئے گئے ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹرز میں محمد عارف شہزاد اور محمد نعیم جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹرز میں فوزیہ تنویر، سارہ مظہر، جمیل ناصر، شرجیل احمد، طاہر محمود خان اور ظہیر حسین شامل ہیں۔ قبل ازیں فیصل آباد سمیت پنجاب بھر میں حکومتی کنٹرول میں لئے گئے 200 دینی مدارس کا نظام عارضی طور پر ایڈمنسٹریٹرز کے ذریعے چلایا جارہا تھا۔ نئے افسروں کو فوری طور پر نئی ذمہ داریاں سنبھالنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ اس نئے ڈائریکٹوریٹ کے تمام 36 اضلاع میں دفاتر ہوں گے ۔ جہاں پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ضلعی انچارج ہوگا۔ ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے کی طرف سے جلد ہی مزید دینی مدارس کو سرکاری تحویل میں لئے جانے کا امکان ہے جس بنا پر اب اس کے لئے نیا ڈائریکٹوریٹ بنا دیا گیا ہے ۔ دینی مدارس