اسلام آباد( جہانگیر منہاس) سرکاری حج سکیم کے تحت بینکوں میں پیسے جمع کرانے والے عازمین مخمصے کا شکار ہو گئے ہیں۔ وزارت مذہبی امور کے ذرائع نے بتایا کہ ایسے افراد جنہوں نے سرکاری سکیم کے تحت فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے بینکوں میں درخواستوں کے ہمراہ پیسے جمع کرا رکھے ہیں وہ حج کی ادائیگی کے حوالے سے پریشانی کا شکار ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ وزارت مذہبی امور اس حوالے سے سعودی حکومت کے احکامات کی پابند ہے ۔ سعودی وزارت حج جو بھی فیصلہ کریگی ہمیں اسکی پاسداری کرنا پڑے گی تاہم یہ بات ابھی قبل از وقت ہے ۔ کورونا کے حوالے سے حالات بہتر ہونے پر ہی کوئی حتمی فیصلہ سامنے آ سکے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ لوگوں نے بڑی تعداد میں بینکوں کے اندر پیسے جمع کرا رکھے ہیں اب وہ پیسے استعمال میں بھی نہیں لا سکتے جبکہ انہیں یہ خدشات بھی لاحق ہیں کہ حج کی ادائیگی کا آخر کیا حتمی فیصلہ ہو گا۔ ذرائع نے بتایا کہ دوسری طرف سعودی وزارت حج نے مذہبی امور حکام کو فضائی کمپنیوں سمیت عمارتوں اور دیگر معاہدوں کیلئے روک رکھا ہے جس کا حتمی فیصلہ کورونا کی صورتحال کو دیکھے ہوئے ہی کیا جائے گا۔