لاہور(انور حسین سمرائ) پنجاب کی تبدیلی سرکار کا بڑافیصلہ،وزیر اعظم کی کفایت شعاری مہم اور وژن کے تحت سرکاری آمدن میں اضافے اور اخراجات پورے کرنے کیلئے گورنر ہائوس لاہور میں عوام کیلئے کیفے ٹیریا، سووینئر شاپ اور ریسٹورنٹ بنایا جائیگا جبکہ گورنر ہائوس کے سرسبز و شاداب لانز اور دربار ہال میں پے منٹ پر کارپوریٹ فنکشن کرانے کی اجازت بھی ہوگی۔ گورنر ہائوس کے بزنس پلان کے تحت اس بلڈنگ سے ریونیو جنریشن کیلئے چھ ماہ میں تمام انتظامات مکمل کرلئے جائینگے ۔ گورنر انیکسی راولپنڈی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی انکوبیٹر بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان کی حتمی منظوری کیلئے چیف سیکرٹری پنجاب گورنر ہائوس لاہور کے بزنس پلان اورانیکسی میں انفارمیشن انکوبیٹر قائم کرنے پرچند روز میں تفصیلی بریفنگ دینگے ۔روزنامہ 92نیوز کی تحقیقات اور دستاویزات کے مطابق گورنر پنجاب چودھری سرور کی سربراہی میں گزشتہ دنوں ایک اہم اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محموداور چیف سیکرٹری پنجاب سمیت اہم افسروں نے شرکت کی ۔ گورنر پنجاب نے شرکا کو بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن پر عمل کرتے ہوئے گورنر ہائوس لاہور سے ریونیو جنریشن اورشکت وریخت کے اخراجات پورے کرنے کیلئے بزنس پلان تیار کرلیا گیا ، پلان کے مطابق گورنر ہائوس کو عوام کیلئے مکمل کھول دیا جائیگا ۔ ریونیو پیدا کرنے کیلئے گورنر ہائوس میں کیفے ٹیریا، سووینئر شاپ اور ریسٹورنٹ بنا کر اس کی مارکیٹنگ کی جائیگی۔ گورنر ہائوس لاہور میں داخلے کیلئے فیس لاگو کی جائیگی جو لانز اور بلڈنگ کیلئے علیحدہ علیحدہ اور عوام کی قوت خرید میں ہوگی۔ تمام انتظامات چھ ماہ میں مکمل کرکے بلڈنگ کو عوام کیلئے کھول دیا جائیگا۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے تجویز دی کہ گورنر ہائوس کے سرسبز و شادات لانز اور دربار ہال کو پے منٹ پر کارپوریٹ فنکشن کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ سکیورٹی مقاصد کیلئے گورنر ہائوس میں لوہے کی باڑ لگائی جائے جس سے گورنر ہائوس کے جمالیاتی حسن کو کوئی نقصان نہ ہو۔ گورنر ہائوس کے کمروں کو کرایہ پر نہ دیا جائے جبکہ لانز اور دربارہال میں ویلیو ایڈیشن اور بہتر کارپوریٹ مارکیٹنگ کے ذریعے زیادہ سے زیادہ رقم کمائی جاسکتی ہے ۔ کارپوریٹ فنکشنز کیلئے پولیس بینڈ کی خدمات بھی فراہم کی جائیں، تمام شرکانے تجویز کو قابل عمل قرار دیا۔ اجلاس میں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو حکم دیا گیا کہ وہ گورنر ہائوس کی بیرونی دیوار گرانے پر قانونی رائے جلد از جلد دیں کہ اس پر قومی ورثے کا اطلاق تو نہیں ہوتا۔پنجاب حکومت کے ایک سینئر افسر نے روزنامہ 92کو بتایا کہ عمران خان نے انتخابی مہم کے دوران گورنر ہائوس لاہور کو عوام کیلئے کھولنے ، یونیورسٹی یا میوزیم بنانے کا اعلان کیا تھا۔ وزیر اعظم نے دسمبر2018 میں پنجاب کابینہ کی صدرات کرتے ہوئے حکم دیا تھا کہ گورنر ہائوس لاہور کی بیرونی دیوار کو گرا دیا جائے تاکہ عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کیا جاسکے ۔ نئے بزنس پلان کی وزیر اعظم سے منظوری کے بعد اس پر فوری طور پر عمل کیا جائیگا۔